جیپور،16؍ نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) راجستھان میں آئندہ سات دسمبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس نے 152امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔جس میں سابق وزیراعلی اشوک گہلوت سمیت پارٹی کے موجودہ 22اراکین اسمبلی اور 46نئے چہروں کے ساتھ ساتھ 20خواتین کو بھی انتخابی میدان میں اتارنے کی تیاری ہے۔اس میں 9مسلم،23جاٹ،13راجپورت،13برہمن، 9ویشیے اور 9گرجروں کو ٹکٹ دیاگیا ہے۔اس کے علاوہ 29درج فہرست ذات اور 24درج فہرست قبائل کے امیدوار انتخابی میدان میں اتارے ہیں۔کانگریس لیڈروں کے خاندان کے ممبروں کو بھی ٹکٹ دیاگیا ہے جس میں رکن اسمبلی نارائن سنگھ کے بیٹے ویریندر،سابق وزیر مہیپال مدیرنا کی بیٹی دویا مدیرنا،سابق وزیر رام سنگھ کے پوتے مہیندر،سابق رکن اسمبلی مقبول کے بیٹے رفیق سمیت دو درجن سے زیادہ لوگ شامل ہیں۔کانگریس کی پہلی فہرست میں مسٹر گہلوت کو جودھپور کیسردار پورا کے علاوہ کانگریس کے ریاستی صدر سچن پائلٹ کو ٹونک،اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر رامیشور ڈوڈی کو بیکانیر کے نوکھا،ساق مرکزی وزیر سی پی جوشی کو ناتھ دوارا،گریجا ویاس کو اودے پور اسمبلی علاقے سے انتخابی میدان میں اتارا ہے۔سابق گہلوت حکومت کے وقت میں 22وزرا اور چھ پارلیمانی سکریٹریوں کو پھر موقع دیا گیا ہے۔ان میں شانتی دھاری وال،بھرت سنگھ،ماسٹر بھنور لال میگھوال،ہیما رام چودھری،ویریندر بینی وال،راجیندر پارک اور دیگر شامل ہیں۔ان میں سابق اسمبلی اسپیکر دیپیندر شیکھاوت کو بھی اس بار پھر موقع دیا گیا ہے۔کانگریس نے آزاد رکن اسمبلی راج کمار شرما کو نول گڑھ سے پارٹی کا امیدوار بنایا ہے۔